ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حج پروازوں کی روانگی کا آغاز، حج بھون اور ایرپورٹ حج ٹرمینل میں تمام انتظامات مکمل

حج پروازوں کی روانگی کا آغاز، حج بھون اور ایرپورٹ حج ٹرمینل میں تمام انتظامات مکمل

Mon, 07 Aug 2017 11:46:16    S.O. News Service

بنگلورو،6؍اگست(ایس او نیوز) امسال سفر حج بیت اﷲ کیلئے بنگلور سے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ کل سے چل پڑے گا۔ 14 فلائٹوں کے ذریعہ روزانہ 340عازمین حج پر مشتمل قافلوں کو روانہ کرنے کیلئے ترومینا ہلی میں واقع حج بھون میں وزیر شہری ترقیات وحج اور ریاستی حج کمیٹی چیرمین جناب روشن بیگ کی سرپرستی میں انتظامات مکمل ہوچکے ہیں، اور آج سے آس پاس کے اضلاع کے عازمین حج کی آمد اور قیام کا سلسلہ بھی چل پڑا۔ حج کیمپ میں عازمین حج کی خدمت کیلئے 400 سے زائد رضاکارنوجوان قائد رومان بیگ کی قیادت میں خدمت کیلئے سرگرم ہیں۔ حج پروازوں کا افتتاحی جلسہ کل شام 6بجے حج بھون میں منعقد ہے۔ وزیر اعلیٰ سدارامیا رسمی طور پر عازمین حج کو پاسپورٹس اور دستاویزات سونپ کر ان پروازوں کا افتتاح کریں گے۔افتتاحی تقریب میں علمائے کرام کے دعائیہ کلمات ہوں گے اور بعد میں وزیر اعلیٰ ، وزیر شہری ترقیات اور دیگر اہم شخصیتوں کی تقاریرہوں گی اور افتتاحی جلسہ کے بعد عازمین حج کے قافلوں کو روانہ کرنے کا سلسلہ چل پڑے گا۔ پہلی فلائٹ بنگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ سے 8,7 ؍اگست کی درمیانی شب 3-50 بجے روانہ ہوگی۔ چونکہ اس بار عازمین حج کا امیگریشن ایر پورٹ کے احاطہ میں موجود حج ٹرمینل میں ہی ہوگا ، اسی لئے حج کیمپ کے منتظمین نے بسوں کی روانگی قبل از وقت کرنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ جناب روشن بیگ نے عازمین سے گزارش کی ہے کہ روانگی کے وقت کی پابندی کا خصوصی طور پر اہتمام کریں ۔رشتہ داروں سے ملاقات کو بروقت مکمل کرکے اپنے سفر کو آسان بنانے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایرپورٹ حکام کی طرف سے واضح طور پر بتادیا گیا ہے کہ امیگریشن نئے ضوابط کے مطابق ایرپورٹ کے باہر نہیں ہوسکتا۔ ساتھ ہی امیگریشن کا پروسیس چونکہ اب آن لائن ہوچکا ہے ، اسی لئے ان کا سرور جو ایرپورٹ پر ہی موجود ہے حج بھون تک ا سکی رسائی نہیں ہوسکتی، لہٰذا امیگریشن حکام نے سختی سے کہا ہے کہ امیگریشن کیلئے عازمین وقت کی پابندی کریں۔ ان حکام کی ہدایت کے بعد حج کیمپ کے منتظمین نے بھی پورے اہتمام کے ساتھ عازمین حج کو امیگریشن میں دشواری پیش نہ آئے اس کیلئے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ حج بھون میں مقیم عازمین حج اور رضاکاروں کیلئے آج سے ہی شہر کے ایک معروف ادارہ آئی ایم اے کی جانب سے طعام کا انتظام کردیا گیا۔ ناشتہ ، ظہرانہ اور عشائیہ کیلئے یہاں پر انتظامات مناسب طریقے سے عازمین حج کیلئے کئے گئے ہیں۔ حج کیمپ کے تمام شعبوں نے آج دعاکے ساتھ اپنے کام کاج کی شروعات کردی۔ عازمین حج کی خدمات انجام دینے اپنے والد جناب روشن بیگ کے دیرینہ تجربہ سے استفادہ کرتے ہوئے رومان بیگ نے خصوصی توجہ کے ساتھ حج بھون میں قائم ہر شعبہ میں رضاکاروں کے ساتھ معائنہ کیا اور تمام کو سخت ہدایت دی کہ کسی بھی صورت میں عازمین کو کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ ہو یہ یقینی بنائیں۔ کل عازمین حج کی روانگی کے ساتھ ہی ایرپورٹ پر متعین 75سے زائد رضاکار بھی اپنے کام میں جٹ جائیں گے۔ حج بھون میں کل افتتاحی تقریب میں آنے والوں کیلئے پارکنگ وغیرہ کے انتظامات میں ایس کے گارڈن کے کارپوریٹر محمد ضمیر شاہ کی قیادت میں ان کی ٹیم نے حج بھون سے متصل زمین کی صفائی کا کام جنگی پیمانے پر مکمل کرلی ہے۔ اس جگہ پر پارکنگ کیلئے صاف میدان عازمین حج اور ان کے رشتہ داروں کو مہیا کرایا گیا ہے۔اس کے علاوہ رشتہ داروں کے ٹھہرنے کیلئے حج بھون سے متصل انجینئرنگ کالج (کے این ایس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ) میں عارضی شامیانہ اور دیگر سہولیات مہیا کرائی گئی ہیں۔ افتتاحی جلسہ کیلئے حج بھون کے احاطہ میں وسیع وعریض شامیانہ اور دیگر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ حج فلائٹ کے افتتاحی جلسہ کیلئے ترومینا ہلی ، ہیگڈے نگر ، ناگوار رنگ روڈ ، یلہنکا اور بنگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ کے اطراف واکناف استقبالیہ بیانرس ، کمانیں، بنٹنگس وغیرہ بڑی تعداد میں رضاکاروں نے کافی جوش وخروش سے نصب کئے ہیں۔ آس پاس کے علاقوں میں حج بھون سے حج پروازوں کی روانگی کے پندرہ روزہ انتظامات کو لے کر جشن کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔
 


Share: